0
Saturday 4 Jan 2025 17:08

اسرائیل غزہ میں جنگ نہیں بے دخلی اور نسلی صفایا کر رہا ہے، پاکستان

اسرائیل غزہ میں جنگ نہیں بے دخلی اور نسلی صفایا کر رہا ہے، پاکستان
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غزہ کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں پاکستان نے فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے خطاب میں کہا کہ اسرائیل غزہ میں جوکچھ کر رہاہے وہ جنگ نہیں، بے دخلی، نسلی صفایا اور تباہی کی مہم ہے، عالمی برادری یواین چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کےدفاع کے لیے متحد ہو۔ پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں کہا کہ ہم تاریخ کے ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑے ہیں،کیا یہ کونسل اپنی ذمہ داری نبھائے گی یا المیے سے منہ موڑ لے گی؟ فلسطینی عوام اس کونسل سے امید، انصاف اور امن کے وعدے کی توقع رکھتے ہیں۔ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ ہمیں ان کو مایوس نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں خونریزی ختم ہونی چاہیے، معصوم مردوں،عورتوں اور بچوں کی مسلسل تکلیف کا خاتمہ ضروری ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کا مطالبہ ایک بار پھر دہرایا۔ پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ فلسطینی رکنیت اخلاقی ضرورت ہے جو دو ریاستی حل کی ناقابل واپسی ضمانت ہوگی، سلامتی کونسل فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرے، اس سے غزہ میں خونریزی اور تباہی کو روکا جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کو غزہ کی غیرانسانی ناکہ بندی کو ختم کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ عاصم افتخار نے کہا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی بنیاد پر دو ریاستی حل کے عمل کا آغاز کیا جائے، یہ عمل قبضے کے خاتمے اور فلسطینی عوام کو ان کے حق خودارادیت کے حصول کے قابل بنائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1182357
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش