اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل بہت ہیں، لیکن ہم نے کافی حل کر دیئے ہیں۔ سندھ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے ہائی وے ریسکیو آپریشنز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت ہے کہ واٹر سپلائی اور نکاسی آب کی اسکیمیں صوبے بھر میں دینی ہیں، آج کا دن ہماری جدوجہد کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے، ہم سندھ کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنانے کیلئے کوشاں ہیں، ریسکیو 1122 عالمی معیار کی ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کا بہترین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کا 2022ء میں جدید ترین سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کراچی میں افتتاح کیا تھا، آج ہم ریسکیو 1122 کے سیٹلائٹ اسٹیشنز کا آغاز کر رہے ہیں، جو نہ صرف بڑی شاہراہوں اور موٹرویز کے دائرہ کار میں ہنگامی خدمات سرانجام دیں گے، بلکہ قریبی آبادیوں کو بھی سہارا فراہم کریں گے، ورلڈ بینک کی معاونت سے یہ منصوبہ شروع کیا گیا تھا اور اب یہ مکمل طور پر سندھ حکومت کے محکمہ بحالی کے تحت کام کر رہا ہے۔