اسلام ٹائمز۔ سابق گورنر پنجاب اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب مخدوم سید احمد محمود سے برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارننگٹن اور سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر اویس شاہ نے مخدوم ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں چیف کوآرڈینیٹر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب عبدالقادرشاہین بھی شریک تھے۔ مخدوم سید احمد محمود نے برطانوی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی آمد کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجودہ تعلقات، سیاسی اور اقتصادی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
فریقین نے باہمی تعاون کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے رابطوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ مخدوم سید احمد محمود نے پاکستانی معیشت اورعوام کی ترقی کیلئے مشترکہ اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے تبادلے دونوں ممالک کو قریب لانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ نے حکومت پاکستان کی حالیہ معاشی و اقتصادی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے ان پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ برطانوی حکومت پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ مخدوم سید احمد محمود نے برطانوی وفد کو ضلع رحیم یار خان میں واقع جمالدین والی کے دورے کی دعوت دی، جسے برطانوی ہائی کمیشن کے سربراہ نے فوری قبول کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی برطانوی ہائی کمیشن اور دیگر اعلیٰ شخصیات کے دورے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے نہایت اہم ثابت ہوئے ہیں۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے، باہمی مفادات کیلئے نئے مواقع تلاش کرنے اور عوامی سطح پراعتماد کی بحالی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ اس سے نہ صرف سفارتی تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ معاشی اور ترقیاتی منصوبوں کو بھی نئی جہت ملے گی۔