اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا کہنا ہے کہ رواں برس غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک پہنچنے کے خواہش مند 10ہزار سے زائد پاکستانی شہری ایران میں گرفتار ہوئے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق رواں برس جنوری سے 15 دسمبر تک 10 ہزار 454 پاکستانی شہریوں کو ایران میں گرفتار کیا گیا، یہ لوگ بلوچستان کے غیر روایتی راستوں سے ایران میں داخل ہوئے تھے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ان گرفتار افراد کو مختلف اوقات میں گرفتاری کے بعد ایرانی حکومت نے ضلع چاغی کے سرحدی شہر تفتان میں پاکستان کے حوالے کیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق بلوچستان کے راستے پاکستانیوں کے علاوہ افغان شہری بھی بہتر مستقبل کی تلاش میں یورپی ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ان کی بڑی تعداد ایران میں گرفتار ہوجاتی ہے۔
حکام کے مطابق 2024ء میں ایران میں 2023ء کے مقابلے میں گرفتاریوں کی شرح زیادہ رہی، گذشتہ برس ایران میں گرفتار ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 8 ہزار 272 تھی۔ ایف آئی اے اعداد و شمار کے مطابق 2020ء سے 2024ء تک 5 سال کے دوران پاکستان سے غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہونے والے 62 ہزار سے زائد پاکستانی شہری گرفتار ہوئے۔ حکام کے مطابق ایران میں گرفتار ہونے والے پاکستانی شہریوں میں سب سے زیادہ لوگوں کا تعلق پنجاب سے ہے، بلوچستان کے 5 اضلاع چاغی، واشک، پنجگور، کیچ اور گوادر کی سرحدیں ایران سے ملتی ہیں۔