اسلام ٹائمز۔ امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی کابینہ میں ممکنہ طور پر شامل کیے جانیوالے افراد کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ناموں کی توثیق سے پہلے سوشل میڈیا پر بیانات نہ دیں۔ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کے افراد کی توثیق کا عمل اگلے ہفتے سے شروع ہوگا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی منیجر سوسی وائلز (Susie Wiles) جو کہ وائٹ ہاؤس کی نئی چیف آف اسٹاف ہوں گی، انہوں نے کابینہ کے نامزد افراد کو میمو جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کے نئے کاونسل کی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا پر پوسٹ نہ کریں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کاونسل کے طور پر ڈیوڈ وارنگٹن (David Warrington) کو منتخب کیا ہے۔
اس سے پہلے سوشل میڈیا پر ایک بحث چلی تھی، جس میں ایلون مسک اور وویک رام سوامی شریک تھے، دونوں نے ایچ ون بی ویزا کا دفاع کیا تھا، جبکہ اسٹیو بینن سمیت ٹرمپ کے کئی دیگر قریبی ساتھیوں نے اس معاملے کی مخالفت کی تھی۔