0
Wednesday 1 Jan 2025 10:51

حق خودارادیت مہم کے سلسلے میں پاسبان حریت کے زیرِاہتمام وادی جہلم میں عوامی ریلی

حق خودارادیت مہم کے سلسلے میں پاسبان حریت کے زیرِاہتمام وادی جہلم میں عوامی ریلی
اسلام ٹائمز۔ پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیرِاہتمام آزاد کشمیر بھر میں شروع کی گئی حق خودارادیت مہم کے سلسلے میں وادی جہلم کے صدر مقام ہٹیاں بالا میں ایک بڑی عوامی ریلی اور پیدل مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق شرکاء نے بینرز، پلے کارڈز اور بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیری رہنمائوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ بینرز اور پلے کارڈز پر اقوامِ متحدہ سے رائے شماری کے مطالبات درج تھے۔ ریلی کے شرکاء ”جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے”، ”بھارتی غاصبو جموں و کشمیر چھوڑ دو” اور ”اقوام متحدہ جاگ جائو” جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ شرکاء نے شاہراہ سرینگر پر پیدل مارچ کیا۔ مارچ کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی کر رہے تھے جبکہ وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، تحریک انصاف کے رہنما سید ذیشان حیدر، تاجر رہنما سید فیصل گیلانی، جموں و کشمیر یونائیٹڈ مومنٹ کے رہنما قاری طاہر محمدی، سید اسرار ہمدانی، ایڈووکیٹ عبدالجبار، راجہ پرویز ایڈووکیٹ، سید جواد ہمدانی، مہناز قریشی، چوہدری محمد اسماعیل، محمد اسماعیل جگوال، محمد شفیع بھٹی، چوہدری سیف الدین، محمد اسلم میر اور دیگر نے ریلی میں شرکت کی۔

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل سے 5 جنوری 1949ء کی قرارداد اور کشمیر کے بارے میں دیگر قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل فوجی طاقت اور کالے قوانین کے استعمال، شہریوں کی گرفتاریوں، جعلی مقابلوں اور دیگر مظالم کے ذریعے کشمیریوں کو مرعوب کرنے اور مسئلہ کشمیر کو الجھانے کی سازشیں کر رہا ہے جبکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کیلئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے مطالبے کی مکمل حمایت کر کے اسے سلجھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا کشمیری عوام سے استصواب رائے کا وعدہ پورا کرے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ 5 اگست 2019ء کو بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو کالعدم قرار دے۔ مقررین نے کہا کہ دنیا کو جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی خاطر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 1181753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش