اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مظلومین کی حمایت میں صیہونی رجیم سے برپیکار یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فضائی دفاع نے مارب کی فضائی حدود میں ایک امریکی ڈرون MQ-9 کو مار گرایا ہے۔ یمنی مسلح افواج کے ترجمان یحیی ساری نے اپنے نئے بیان میں امریکی، برطانوی اور صیہونی دشمن کے خلاف کارروائیوں کے بارے میں کہا ہے کہ ماریب کی فضائی حدود میں مار گرایا جانے والا ڈرون گذشتہ 72 گھنٹوں میں دوسرا اور فلسطین کی حمایت میں جاری کاروائیوں میں 14 واں دشمن ڈرون ہے، جسے غزہ کی حمایت میں وعدہ فتح اور مقدس جہاد کے دوران مار گرایا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے بھی کہا کہ یمنی مسلمان فلسطینی قوم کی حمایت میں اپنی کارروائیاں اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک غزہ کی پٹی پر صیہونی دشمن کی جارحیت بند نہیں ہوجاتی اور اس علاقے کا محاصرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوجاتا۔