اسلام ٹائمز۔ لاہور میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے مسلسل آٹھ روز سے پریس کلب لاہور کے سامنے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ دھرنے میں شہر بھر سے علمائے کرام وعمائدینِ ملت سمیت شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہے۔ دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی پارا چنار کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیلئے شریک ہے۔ دھرنے میں علامہ علی اکبر کاظمی، علامہ سبطین سبزواری، علامہ امتیاز عباس کاظمی، علامہ حسن رضا ہمدانی، علامہ اسد نقوی، علامہ محمد خان سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔
وائس چئیرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے پُرامن دھرنے میں شریک نہتی خواتین پر بہیمانہ تشدد کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ ان کا جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں، کراچی میں سندھ حکومت کی جانب سے کی گئی درندگی کہ شدید مذمت کرتے ہیں۔ احمد اقبال رضوی نے مزید کہا کہ کراچی نمائش چورنگی دھرنے میں شریک پُرامن نوجوان کو سندھ پولیس نے گولیاں مار کر بے دردی سے قتل کیا ہے، سندھ حکومت نے نہتے پُرامن نوجوان کو قتل کرکے خود کو دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک پارہ چنار مرکزی دھرنے کے مطالبات تسلیم نہیں ہو جاتے، ہم ظالم حکمرانوں کے ہاتھوں گردنیں کٹوا لیں گے، لیکن دھرنا ختم نہیں کریں گے، سندھ حکومت کے ہاتھ ہمارے خون سے رنگین ہو چکے ہیں،کل اور آج مزید تین افراد کو کرم میں بے دردی سے ذبح کرکے قتل کیا گیا اور شہداء کے کٹے ہوئے سروں سے پیروں تلے روند کر بے حرمتی کی گئی ہے۔ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ ایک طرف دہشتگرد ہمیں قتل کر رہے ہیں تو دوسری جانب سندھ پولیس بھی ہمیں قتل کر رہی ہے، پاکستان بھر سے اس لاقانونیت، ظلم و بربریت کے اختتام تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گرفتار تمام کارکنوں اور علما کو فی الفور رہا کیا جائے اور بزرگ عالم دین علامہ حسن ظفر پر تشدد کرنیوالے ایس ایچ او کو معطل کیا جائے۔