اسلام ٹائمز۔ ملکی خبررساں ایجنسی ریانووستی کو انٹرویو دیتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے اعلان کیا ہے کہ روس و ایران کے درمیان عنقریب دستخط ہونے والا نیا معاہدہ سلامتی و دفاع کے شعبوں میں ماسکو و تہران کے باہمی تعاون کی خواہش کی تصدیق و ضمانت ہو گا۔ سرگئی لاؤروف نے کہا کہ بلاشبہ، ایسا جامع و وسیع معاہدہ بین الاقوامی تاثیر کا حامل بھی ہو گا جس میں دیگر موضوعات کے ساتھ ساتھ علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے مفادات میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس معاہدے میں ماسکو و تہران کی سلامتی، دفاع اور دہشتگردی و انتہا پسندی سے نمٹنے سمیت دیگر بہت سے مشترکہ چیلنجوں و خطرات کے حوالے سے بھی مزید قریبی تعاون پر زور دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اپنی گفتگو کے آخر میں روسی وزیر خارجہ نے تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران و روسی فیڈریشن کے درمیان مذکورہ باہمی تعاون اس وقت بھی ایک حد تک جاری ہے تاہم اس معاہدے پر دستخط، جو عنقریب ہی اعلی سطحی رابطے کے دوران عمل میں آ جائے گا، باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے نئے مواقع فراہم کرے گا۔