اسلام ٹائمز۔ الجزیرہ ٹی وی نے منگل کی صبح رپورٹ دی کہ اسرائیلی قابض فوج کے ایک روزہ حملوں میں غزہ کی پٹی میں کم از کم 40 فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔ فارس نیوز کے مطابق، فلسطینی ذرائع نے اطلاع دی کہ صیہونی فوج کی مجرمانہ کارروائیاں غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں مسلسل جاری ہیں۔ الجزیرہ نے غزہ کی پٹی کے اسپتال ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پیر کی صبح سے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر بمباری کے نتیجے میں شہدا کی تعداد 32 ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ غزہ شہر میں سونے کے بازار کے قریب ایک رہائشی عمارت پر صیہونی حملے میں 4 افراد شہید ہوئے، جن میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ الجزیرہ کے غزہ میں موجود صحافی نے کہا کہ صیہونی توپ خانہ نے غزہ کی شمالی علاقے بیت لاهیا کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ، قابض فوج کے طیاروں کی جانب سے جنوب مشرقی غزہ کے الزیتون محلے میں ایک گھر پر بمباری کے نتیجے میں کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔