اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی پامالی پر باہر سے بیان تو آئینگے، اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو احتجاج کی طرف واپس جائینگے۔ حامد رضا نے کہا کہ کچھ لوگ راتوں رات پیپر سائن، ڈیل کرکے ملک سے فرار ہوگئے تھے، بانی پی ٹی آئی کسی ڈیل کے تحت نہیں آئینی اور قانونی جنگ لڑ کر باہر آنا چاہتے ہیں، ہم جن سیاسی قیدیوں کی بات کر رہے ہیں ان کی رہائی بھی اسی طریقہ کار پر ہوگی، صرف پنجاب کے اندر ایف آئی آرز کی تعداد ہزاروں میں ہے، ہر ایف آئی آر کے اندر سو، دو سو لوگ نامعلوم لکھے گئے ہیں، کارکن یا رہنما کو عدالتوں سے ریلیف ملتا ہے، تو ان کو نئے مقدمے میں گرفتار کر لیا جاتا ہے، ہم پراسیکیوشن کی میلافائیڈ پریکٹس روکنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف ہے کہ سویلین کا ملٹری ٹرائل ہو ہی نہیں سکتا، ملٹری کورٹس سے جتنے لوگوں کو سزائیں ہوئیں کیا کسی کو پتہ ہے کہ ان پر چارج کیا تھا؟ جن لوگوں کو سزائیں ہوئیں وہ ہائیکورٹ میں جائینگے وہاں سے ریلیف ملے گا امریکا سے کچھ ٹوئٹس ہوئے اور وہ ٹاک آف دی ٹاؤن بن گئے، جب آپ انسانی حقوق کی پامالی کرینگے تو باہر سے بیان آئینگے، ڈی چوک پر معصوم اور نہتے شہریوں پر گولیاں نہ برساتے، آپ پارلیمنٹرینز کے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال نہ کرتے، آپ گھروں کے اندر خواتین کو نہ اٹھاتے، اگر یہ سب کچھ نہ ہوتا تو کیسے ممکن تھا کہ باہر سے کوئی ٹویٹ کرتا پاکستان میں آپریشن رجیم چینج کے اندر جو بائیڈن کی حکومت باقاعدہ ملوث تھی، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ٹرمپ حکومت پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی نہیں کریگی۔