اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 97 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کی تاریخ کے ایک ایسے قائد تھے جنہوں نے عوام کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ اپنی اولین ترجیح بنائی۔ ان کی قیادت میں پاکستان کو پہلی مرتبہ متفقہ آئین ملا اور عوام کو ان کے حقوق کا شعور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے نہ صرف قومی سطح پر عوام کے دل جیتے بلکہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ ان کی محبت اور لگاؤ ایک قابل ذکر پہلو ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے حقوق کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں شامل کیا۔ جس سے صوبے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے بلوچستان کے عوام کے لئے روزگار، تعلیم اور صحت کے مواقع فراہم کرنے میں گہری دلچسپی لی۔ ان کی بصیرت اور عوام دوستی کی بدولت بلوچستان کے عوام میں خود اعتمادی اور ترقی کی امنگ پیدا ہوئی۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج ہمیں ذوالفقار علی بھٹو کی عوام دوست پالیسیوں اور ان کے وژن کو اپنانے کی ضرورت ہے، تاکہ ملک اور خصوصاً بلوچستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو صاحب کی عوامی خدمت کا جذبہ ہمیشہ ہمارے لئے مشعل راہ رہے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔