0
Sunday 5 Jan 2025 08:10

5جنوری کی قرارداد میں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا کشمیریوں کا حق تسلیم کیا گیا ہے، غلام محمد صفی

5جنوری کی قرارداد میں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا کشمیریوں کا حق تسلیم کیا گیا ہے، غلام محمد صفی
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے 5جنوری 1949ء کو ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں عالمی ادارے کی زیر نگرانی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا کشمیریوں کا حق تسلیم کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق غلام محمد صفی نے مظفرآباد میں بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں 5جنوری کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیراہتمام شہید برہان مظفر وانی چوک میں ایک شاندار حق خودارادیت ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے وکلاء سے اپیل کی کہ وہ اپنے تمام احباب سمیت اس ریلی میں بھرپور شرکت کر کے بھارت کو دوٹوک پیغام دیں کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ تنہا نہیں بلکہ آزاد جموں و کشمیر کا ہر فرد اس تحریک کے پیچھے کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی استعماری قوتیں کسی علاقے پر قابض ہوتی ہیں تو وہ وہاں کے ذی عزت لوگوں کی تذلیل کرتی ہیں، خواتین کی عزتوں کو پامال، بچوں کو قتل اور ان کے فصلوں کو برباد کرتی ہیں اور یہی کچھ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کر رہا ہے۔ بھارت نے ہمارے لاکھوں لوگوں کو شہید، ہزاروں کو معذور اور پابند سلاسل کر رکھا ہے۔حریت رہنما راجہ خادم حسین اور زاہد اشرف بھی غلام محمد صفی کے ہمراہ تھے۔ 

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مظفرآباد میں واقع انبور مہاجر کیمپ کا دورہ کیا اور 5جنوری کو یوم حق خودارادیت کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ حریت وفد کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد کر رہے تھے جبکہ محمد اشرف ڈار، عبد الحمید لون، عبدالمجید میر، نذیر کرنائی اور شیخ عبدالماجد بھی وفد میں شامل تھے۔ مہاجرین کے نمائندوں نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنی مکمل حمایت اور فورم کے پروگراموں میں بھرپور شرکت کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 5جنوری کو پوری دنیا کے سامنے کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا جا سکے۔

حریت رہنماں نے اس موقع پر کہا کہ 5جنوری وہ تاریخی دن ہے جب اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں بعد آج بھی اپنے حق کے حصول کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1182471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش