اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات آزاد جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ اقوام متحدہ نے 13 اگست 1948ء اور 5 جنوری 1949ء کو اپنی قراردادوں کے ذریعے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا جو اب تک پورا نہیں ہوا۔کشمیری عوام کا آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے تسلیم شدہ ہے۔ یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے اور کشمیری عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔مسئلہ کشمیر طویل عرصے سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک حل طلب تنازعہ کے طور پر موجود ہے، لیکن سلامتی کونسل کی بے حسی بھارت کو اپنے توسیع پسندانہ منصوبے کے لیے تقویت دے رہی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر کے باوجود کشمیری عوام اپنی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو یقینی بنائے۔