اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں گورننس کا ہائبرڈ ماڈل کسی کے مفاد میں نہیں اور نظام اس وقت بہتر کام کرے گا جب ایک ہی سینٹر آف کمانڈ ہو۔ ذرائع کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو میں لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ کسی قسم کی محاذ آرائی کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر اقتدار کے دوہرے مراکز، حکمرانی کا موثر ذریعہ ہوتا تو یہ نظام ہر جگہ رائج ہوتا۔انہوں نے کہا کہ جب اقتدار کا سرچشمہ ایک ہی ہو تو نظام بہتر کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض معاملات پر اختلاف رائے رہا ہے، لیکن اس پیمانے پر نہیں جس بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت کے قواعد و ضوابط مناسب مشاورت کے بعد وضع کئے جائیں گے اور پھر انہیں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو بھیجا جائے گا۔