اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ پر قاتلہ حملہ ہوا ہے۔ پارٹی کے مطابق علمدار روڈ مری آباد میں واقع ان کے گھر پر ڈکیتی کی کوشش کی گئی، تاہم مزاحمت پر سابق صوبائی وزیر کو زخمی کیا گیا۔ اپنے جاری بیان میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے اپنے چیئرمین و سابق صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ پر قاتلانہ حملہ اور ان کے گھر ڈکیتی کرنے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔
ایچ ڈی پی نے اس حملے کو ایک گھناؤنی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈکیتی دراصل ایک بہانہ تھا، اصل مقصد پارٹی قیادت اور ان کے اہلخانہ کو شدید نقصان پہنچانا تھا۔ جس میں سازشی عناصر اور ہزارہ قوم کے تاریخی دشمنوں کو بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایچ ڈی پی نے اس حملے کی اصل وجہ معلوم کرنے اور پس پردہ سازش بے نقاب کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور کارکنوں و عوام سے چئیرمین کی فوری و مکمل صحتیابی کے لئے دعا کرنے کی اپیل کی ہے۔