0
Sunday 29 Dec 2024 22:50

گلگت، معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ کا کلچرل سرگرمیوں میں بے حیائی کی حوصلہ شکنی پر زور

گلگت، معاون خصوصی برائے اطلاعات ایمان شاہ کا کلچرل سرگرمیوں میں بے حیائی کی حوصلہ شکنی پر زور
اسلام ٹائمز۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حالیہ دنوں ایک کلچرل پروگرام میں شریک ہوئے تھے، جو ایک مقامی گلوکار اور گلوکارہ کی سرگرمی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس پروگرام کے مواد کا علم نہیں تھا اور وہاں پہنچنے کے بعد یہ احساس ہوا کہ انہیں اس پروگرام میں شرکت سے گریز کرنا چاہیے تھا۔ ان کے ساتھ جی ڈی اے کے افسر عارف بھی موجود تھے۔ ایمان شاہ نے کہا کہ ہمارے علاقے کی مخصوص روایات اور ثقافت ہے، اور اس سے ہٹ کر ہونے والی کسی بھی سرگرمی کی وہ مذمت کرتے ہیں اور اس کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔
 
انہوں نے گلوکار کا نام لیے بغیر گلوکارہ کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں جو اس طرح کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں، کیونکہ ان سے معاشرتی بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ گلگت بلتستان کا کلچر نہیں ہے کہ ثقافت کے نام پر ایسی سرگرمیاں کی جائیں جو بے حیائی کا سبب بنیں۔ ایمان شاہ نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی قائداعظم گیمز پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کے نام پر گلگت بلتستان سے کچھ بچیوں کو بھیجا گیا، اور وہاں ایسی سرگرمیوں کی اطلاعات اور تصاویر موصول ہوئی ہیں جو قابلِ مذمت ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ سپورٹس اور کلچر کے نام پر کچھ مافیا اس قسم کی سرگرمیاں کر رہے ہیں، اور میڈیا سمیت تمام طبقوں کو ان کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔ ایمان شاہ نے ہنزہ اور غذر کے بالائی علاقوں کے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں، خاص طور پر بچیوں، پر خصوصی توجہ دیں اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت گلگت بلتستان ایسے واقعات کی مذمت کرتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 1181263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش