اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور حلقہ پی بی 45 کوئٹہ کے امیدوار علی مدد جتک نے کہا ہے کہ قوم اور مذہب پرستی کی سیاست نے بلوچستان کے نوجوانوں کو نفرت، بے روزگاری، بدامنی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ چار چار جماعتیں بدلنے والا شخص اب پانچویں جماعت میں جانے کی تیاری کر رہا ہے۔ جو شخص کونسلر کی نشست نہیں جیت سکتا وہ پیپلز پارٹی کے جیالوں کا کیسے مقابلہ کرے گا۔ 5 جنوری کو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور حلقہ پی بی 45 میں جیت کا جشن ایک ساتھ منائیں گے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں سیاسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
علی مدد جتک نے اپنے مخالف امیدوار جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی بی 45 میں مذہبی جماعت کے لوگ مذہب کو سیاست کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔ وہ لوگ جو مساجد میں کھڑے ہو کر جھوٹ بول رہے ہیں کہ انہیں ہرایا گیا کہ وہ بتائیں کہ انہوں نے 1993، 2002، 2008 اور 2013 میں کتنے ووٹ لئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے امیدوار اسلام کا نام استعمال کر رہے ہیں۔ وہ 6 کلمے سنا دیں ہم انہیں مان جائیں گے۔ جو لوگ سیاست کی بنیادوں کو نہیں سمجھتے وہ ہمیں بتا رہے ہیں کہ سیاست کیسے ہوتی ہے۔