اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پرامن مظاہرین پر گولیاں چلانا انتہائی افسوسناک ہے۔ سندھ پولیس نے صوبائی حکومت کے ایماء پر نہتے مظاہرین کو گولیوں کا نشانہ بنایا اور ظلم اور بربریت کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں شہداء کے لواحقین اور زخمیوں سے ملاقات کے موقع پر کہی۔علامہ مقصود ڈومکی نے سندھ کے صوبائی دارالحکومت پہنچ کر سانحہ کراچی کے شہداء کے گھروں پر حاضری دیکر اظہار تعزیت اور زخمیوں کے عیادت کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے برادر حسن عباس اور دیگر رہنماء ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے خون ناحق کا حساب لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی دعویدار پیپلز پارٹی نے نہتے مظاہرین پر گولیاں چلا کر سیاہ تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزرگ عالم دین علامہ سید حسن ظفر کی توہین کی گئی، جبکہ علماء اور مومنین کو پابند سلاسل کیا گیا۔ اسیر مومنین سنت سید سجاد علیہ السلام ادا کر رہے ہیں۔ نہتے شہریوں پر گولیاں چلانے والے جلد رسوا ہوں گے، اور انہیں اس ظلم اور بربریت کا حساب دینا ہوگا۔ در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے صوبہ سندھ میں مجلس وحدت مسلمین کراچی کے صدر علامہ محمد صادق جعفری، علامہ محمد حیات اور دیگر سے ملاقات کی۔ ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کراچی ڈویژن کے صدر علامہ صادق جعفری، علامہ حیات عباس نجفی، علی نیّر زیدی و دیگر کے ہمراہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید فخر عباس نقوی کی صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیوایم سندھ سولجرز بازار کراچی آمد پر ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ریجن کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔