0
Monday 6 Jan 2025 13:47

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے، قاسم نون

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے، قاسم نون
اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ ذرائع کے مطابق یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ 5جنوری 1949ء کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک قرارداد منظور کی جس میں ایک ریفرنڈم کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سات دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جس میں معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔رانا محمد قاسم نون نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کا ظلم و جبر کشمیریوں کی تحریک حق خودارادیت کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی عوام کا کشمیری عوام کے ساتھ گہرا رشتہ ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور ان کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔
خبر کا کوڈ : 1182664
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش