اسلام ٹائمز۔ ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران کراچی اور کلچرل اتاشی ایران قونصلیٹ ڈاکٹر سعید طالبی نیا کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران سمیت دنیا میں کہیں بھی شیعہ سُنی تفرقہ نہیں ہے، یہ مسلمانوں کو کمزور کرنے کی بین الاقوامی سازش ہے، جسے شیعہ و سُنی اپنے اتحاد سے ناکام بناتے رہے ہیں اور ناکام بناتے رہیں گے، آئمہؑ طاہرین و اہلبیتؑ اطہار کے روضہ ہائے اقدس ہماری عقیدتوں کے مراکز ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت نیشنل لائبریری کے محمد ابراہیم جویو آڈیٹوریم میں زائرین خدمت کمیٹی معصومہؑ سندھ، کراچی ایڈیٹرز کلب اور محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے منعقدہ چوتھی عظیم الشان بین الاقوامی سالانہ ”معصومہ سندھ بی بی ماہمؑ کانفرنس برائے بین المذاہب ہم آہنگی‘‘ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے کہا کہ شیعہ و سُنی آپس میں بھائی بھائی ہیں، جو اسلام کے دو بازؤں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واضح رہنا چاہیئے کہ حضرت امام خمینیؒ و دیگر مراجع عظام کے یہ فتاویٰ موجود ہیں کہ کسی کے بھی مقدسات کی توہین کرنا شرعاً حرام ہے، ان حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے دشمن کے پروپیگنڈا کو صحیح انداز میں سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آلِ رسولؐ اسی طرح اپنا بناتے ہیں، جس طرح حضرت رسولؐ خدا نے سلمانؑ فارسی کو اپنا اہلبیتؑ قرار دے کر اپنا بنایا تھا۔ ڈاکٹر سعید طالبی نیا نے اپنے خطاب میں شہدائے فلسطین، لبنان اور پارا چنار کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس کے موقع پر معروف صحافی نذیر لغاری اور زوار عبدالستار درس کی کتب کی رونمائی بھی کی گئی۔ کانفرنس میں صوبہ سندھ کے اعلیٰ حکومتی حکام نے بھی شرکت کی۔