اسلام ٹائمز۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ایپکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیاں بنا دی ہیں۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا سربراہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر ہو گا۔ کمیٹی میں سی سی پی او یا ڈی پی او ممبر ہوں گے، تمام متعلقہ محکموں کے گریڈ 18 کے افسران کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، ایف آئی اے، آئی بی، اے این ایف، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندے بھی کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ یہ کمیٹی انسداد دہشت گردی کیلئے ضلع کی سطح پر ایکشن پلان ترتیب دے گی۔ بجلی چوری، نارکوٹکس، سمگلنگ پر بھی کمیٹی کارروائی عمل میں لائے گی۔ نان کسٹمز گاڑیاں، غیر قانونی پیٹرول پمپس کیخلاف بھی کارروائی کرے گی۔ یہ کمیٹی دینی مدارس کی رجسٹریشن کو بھی یقینی بنائے گی۔ کمیٹی ڈس انفارمیشن اور ریاست کیخلاف پروپیگنڈا کی روک تھام کرے گی۔ کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ باقاعدہ کیساتھ ڈی سی کی صدارت میں منعقد ہوا کرے گا۔