0
Saturday 4 Jan 2025 21:03

بی جے پی ہی وہ ماچس کی تیلی ہے جس نے ریاست منی پور کو جلایا ہے، کانگریس

بی جے پی ہی وہ ماچس کی تیلی ہے جس نے ریاست منی پور کو جلایا ہے، کانگریس
اسلام ٹائمز۔ بھاترتی ریاست منی پور میں تشدد کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ کانگریس اس معاملے میں نریندر مودی کو لگاتار ہدف بھی بنا رہی ہے۔ 3 جنوری کو پیش آئے تازہ تشدد کے معاملہ پر بھی کانگریس نے اپنا سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ نریندر مودی منصبی فرض کو نبھانے کی آئینی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتے ہیں۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اس معاملے میں ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کیا ہے۔ اس پوسٹ میں انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کا منی پور میں تشدد کو فروغ دینے میں کوئی نہ کوئی مفاد ضرور ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی ہی وہ ماچس کی تیلی ہے جس نے ریاست منی پور کو جلا دیا ہے۔ ایکس پر کئے گئے اپنے پوسٹ میں ملکارجن کھڑگے نے تازہ تشدد سے متعلق ایک خبر کا تراشہ بھی شیئر کیا ہے۔

اپنے پوسٹ میں ملکارجن کھڑگے نے بھارتی وزیراعظم کے منی پور دورہ کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے "نریندر مودی آپ جنوری 2022ء میں منی پور کا دورہ کرنے گئے تھے، وہ بھی بی جے پی کے لئے ووٹ مانگنے جبکہ ریاست میں 3 مئی 2023ء کو تشدد بھڑکا تھا۔ 600 دن سے زیادہ گزر گئے۔ میڈیا رپورٹ میں سیٹلائٹ تصویریں دکھائی گئی ہیں، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح ایک کے بعد ایک گاؤں کا صفایا ہوتا جا رہا ہے"۔ ملکارجن کھڑگے کا کہنا ہے کہ حال ہی میں کانگپوکپی ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پر حملے کا واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔ اس حملے میں پولیس اہلکار اور مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔ کانگریس صدر نے مزید کہا کہ نااہل اور بے شرم وزیراعلیٰ نے ریاست کے حالات پر افسوس ظاہر کیا ہے، لیکن ریاستی عوام کو ایک طرح سے نظرانداز کر دیا ہے۔ ملکارجن کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کا ریاست کو غیر مستحکم رکھنے میں کوئی مفاد پوشیدہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 1182375
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش