0
Monday 20 Nov 2023 17:28

کراچی، حامیان مظلومین فلسطین کے تحت شہداء فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے عظیم الشان اجتماع

کراچی، حامیان مظلومین فلسطین کے تحت شہداء فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلئے عظیم الشان اجتماع
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں حامیان مظلومین فلسطین پاکستان کے زیر اہتمام غزہ میں شہید ہونے والے پانچ ہزار سے زائد معصوم بچوں سمیت فلسطینی شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا۔ نشترپارک ہونے والے حامیان مظلومین فلسطین اجتماع میں ہزاروں بچوں و خواتین سمیت اہلیان کراچی نے بلاتفریق مذہب و مسلک اور ہر قسم کی سیاسی و گروہی وابستگی سے بالاتر ہو کر شرکت کی۔ اجتماع میں مختلف اسکولوں کے طلباء بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ اجتماع گاہ میں غزہ فلسطین میں جاری بدترین اسرائیلی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال کی بھی منظر کشی کی گئی تھی۔ ہزاروں بچوں سمیت اہلیان کراچی نے پانچ ہزار سے زائد غزہ کے معصوم شہید بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ حامیان مظلومین فلسطین اجتماع میں ہزاروں کفن پوش پاکستانی معصوم بچوں نے منفرد انداز میں ٹیبلو پیش کرتے ہوئے اپنے فلسطینی بھائی بہنوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ عظیم الشان اجتماع میں شریک ہزاروں کفن پو ش بچوں نے فرزند زہراء (س) حجت خدا حضرت امام مہدی (عج) سے تجدید عہد بھی کیا۔ عظیم الشان حامیان مظلومین فلسطین اجتماع میں امامیہ میڈیکس انٹرنیشنل کے ڈاکٹرز نے ٹیبلو کے ذریعے غزہ فلسطین میں شہید ہونے والے سینکڑوں ڈاکٹرز و پیرا میڈکل اسٹاف کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ عظیم الشان اجتماع میں ہزاروں شرکاء نے فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔

حامیان مظلومین فلسطین اجتماع کے دوران مولانا سید علی مرتضیٰ زیدی، مولانا محمد امین شہیدی، مولانا ناظر عباس تقوی، مولانا سید نصرت عباس بخاری، مولانا سید حیدر عباس عابدی، مولانا سید صادق رضا تقوی، مولانا اصغر شہیدی و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر آیت اللہ غلام عباس رئیسی، مولانا حافظ سید حیدر نقوی، مولانا سید حسن ظفر نقوی، مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، مولانا مختار امامی، مولانا علی نقی ہاشمی، مولانا عروج زیدی، مولانا سجاد مہدوی، پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، مولانا ڈاکٹر سید مظفر حسین رضوی، صدر آئی ایس او کراچی ظفر حیدر سمیت بڑی تعداد میں علماء کرام و شیعہ رہنماء شریک تھے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ اب وقت اگیا ہے کہ اقوام عالم امریکا اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف سخت اقدامات کریں، ورنہ تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ مقررین نے کہا کہ اسرائیل کی ناجائز ریاست مٹ کر رہے گی اور مظلوم فلسطینیوں کا خون رنگ لائے گا، اسرائیل کا خاتمہ نزدیک ہے۔

مقررین نے کہا کہ دنیا میں ظلم و جور کے خلاف مظلوم قوتیں اٹھ کھڑی ہوئی ہیں، شیطان بزرگ امریکا اور دیگر استکباری قوتوں کی بدترین شکست کا اغاز ہو چکا ہے۔ مقرریننے مزید کہا کہ غزہ فلسطین پر امریکی سرپرستی میں نہتے عوام، اسپتال، اسکول، شہری آبادیوں پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی مسلسل بمباری ظلم و ستم کی سیاہ داستان رقم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی مزاحمتی تحریکوں کی کامیابی نے ثابت کر دیا کہ امریکا و اسرائیل فلسطینی عوام کے ہاتھوں زلیل و رسوا ہو گئے۔ حامیان مظلومین فلسطین اجتماع میں نظامت کے فرائض مولانا سید صادق رضا تقوی نے انجام دیئے۔ اجتماع کے دوران دستہ امامیہ کراچی کے صاحب بیاض شبیہ حیدر، شجاع رضوی، امجد بلتستانی، شاہد علی شاہد، علی دیپ رضوی، رضوان مرزا، شاہ رخ عباس و دیگر نے ترانہ شہادت پیش کئے۔ حامیان مظلومین فلسطین اجتماع کا اختتام مولانا محمد حسین رئیسی نے دعائے سلامتی امام زمانہ (عج) کے ساتھ کیا۔
خبر کا کوڈ : 1096954
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش