0
Wednesday 25 Dec 2024 10:35

صدر آزاد کشمیر کا قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت

صدر آزاد کشمیر کا قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت
اسلام ٹائمز۔  آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کو پاکستان کیلئے انتہائی ناگزیر سمجھتے تھے، اسی لئے انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سلطان محمود چوہدری نے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کھلے لفظوں میں حمایت کی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں اور ان کی یہ دلی خواہش تھی کہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے۔ بیرسٹر سلطان نے کہا کہ قائداعظم نے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے مقصد کے لیے جدوجہد کی جہاں انہیں مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ معاشی و سماجی ترقی کے گراں قدر مواقع ملیں۔ قائداعظم نے مسلمانوں کو علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر دی اور انہیں ایک ایسا آزاد ملک دیا جہاں ان کی آنے والی نسلیں آزاد فضائوں میں سانس لے سکیں گی۔ بیرسٹر سلطان محمودچوہدری نے کہا کہ قائداعظم مسلمانوں کے عالمی رہنما، عظیم قانون دان اور تاریخ ساز شخصیت تھے۔ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو دو قومی نظریہ سے روشناس کرایا اور 23 مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان منظور کروا کر برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کے حصول کیلئے بھرپور جدوجہد شروع کر دی۔
خبر کا کوڈ : 1180326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش