0
Wednesday 25 Dec 2024 12:53

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒکو شاندار خراج عقیدت پیش

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒکو شاندار خراج عقیدت پیش
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے آج بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم پیدائش پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قائداعظم ایک انتہائی دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے لیے جدوجہد کی قیادت کی اور بالآخر اسے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تحریک پاکستان کا حصہ رہے جنہوں نے قیام پاکستان سے تقریباً ایک ماہ پہلے 19جولائی 1947ء کو مملکت خدادداد کیساتھ الحاق کی قرارداد پاس کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، انہوں نے بھارتی قبضے کو مسترد کیا ہے اور وہ گزشتہ 77 سے تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں غلام محمد خان سوپوری، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی، مولانا مصعب ندوی، بشیر اندرابی، خواجہ فردوس، جنید السلام، مولانا ساجد ندوی، جموں و کشمیر مسلم لیگ، جموں کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، تحریک حریت جموں کشمیر، جموں کشمیر پیپلز لیگ، تحریک وحدت اسلامی اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے سری نگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے، کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ایک روز رنگ لائیں گی اور جموں و کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر مملکت خداداد کا حصہ بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے، وہ بھارتی تسلط کے شکار کشمیریوں کا ایک ہمدرد اور وکیل ہے جو عالمی سطح پر کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کر رہا ہے۔ حریت تنظیموں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کا پیدائشی حق، حق خودارادیت طاقت کے بل پر دبا رکھا ہے جبکہ پاکستان چاہتا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی نگرانی میں ایک آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقل کا فیصلہ کرنے دیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششوں میں تیزی لائے گا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، جنرل سکریٹری پرویز احمد، سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ، سینئر رہنماﺅں محمود احمد ساغر، محمد فاروق رحمانی، سید یوسف نسیم، شمیم شال اور دیگر رہنمائوں نے بھی اپنے بیانات میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے نہ صرف ایک نئی ریاست کی بنیاد رکھی بلکہ ایک قوم کو متحد کر کے تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے لاہور میں 1940ء میں منعقدہ مسلم لیگ کے اجلاس میں مسلمانوں کیلئے الگ وطن کا ایک جامع اور واضح نظریہ پیش کیا اور برصغیر کے مسلمان صرف سات برس کی قلیل مدت میں ان کی ولولہ انگیز قیادت میں اپنے لیے الگ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 1180363
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش