اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے دو چار ہفتوں میں اسلام آباد پر جو یلغار ہوئی، اس کے نتیجے میں سوشل میڈیا نے جھوٹ اور حقائق کو مسخ کرنے کا جو طوفان اٹھایا حالیہ وقتوں میں اس کی نظیر نہیں ملتی، اگر اس طوفان کو نہ روکا تو ہماری تمام کاوشیں دریا بُرد ہوجائیں گی، فتنہ الخوارج کا مکمل خاتمہ کرنے کا وقت آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق صوبوں اور دفاعی اداروں کو مل کر مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی، دشمن کے گھس بیٹھیے خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بیٹھے ہیں، سرحد پار سے چند دن پہلے جو حملہ ہوا اس کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان سے باہر بیٹھے دوست نما دشمن اور ایجنٹ جو زہر اگل رہے ہیں اور جس طرح وہ پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں یہ بذات خود ایک بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ اور حقائق کو مسخ کرکے پاکستان کے خلاف ماحول بنایا جارہا ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، دشمن مذموم مقاصد کیلئے گھات لگائے بیٹھا ہے، پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث عناصر کا پوری طرح علم ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ایجنڈا اسی صورت شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے کہ ہم سب مل کر چاروں صوبوں، وفاق، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں امن و امان قائم کریں۔ وزیراعظم نے اجلاس میں شریک وفاقی وزراء، آرمی چیف، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ و دیگر اعلیٰ حکام کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے شرکا کو مبارکباد دی کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، پاکستان عالمی امن کیلئے اپنا سفارتی کردار احسن طریقے سے نبھائے گا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ صوبوں میں سی ٹی ڈی کو مضبوط کیا جارہا ہے، پنجاب اس حوالے سے سب سے آگے ہے، پولیس کو جدید تربیت، ٹیکنالوجی، آلات سے لیس کرنا اور میرٹ پر بھرتیاں کرنا ہوں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بالخصوص ایسے حالات میں جبکہ دشمن مذموم مقاصد کے لیے گھات لگائے بیٹھا ہے، یہ اقدامات انتہائی اہم ہیں۔ خیبرپختونخوا میں خارجی گھس بیٹھیے ملک کے امن کے دشمن ہیں، بلوچستان میں پاکستان کے خلاف مختلف قسم کی سازشیں بنی جارہی ہیں، ان میں ملوث خارجی ہاتھ کا پوری طرح سے علم ہے کہ کہاں کہاں سے ان کوسپورٹ مل رہی ہے، پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کےلئے بطور وزیراعظم میری کوئی پسند یا نا پسند نہیں، قومی مفاد سب سے بڑھ کرہے اور مجھے یقین ہے کہ تمام شرکا کی یہی سوچ ہے، اگر اس سوچ کو عملی جامہ پہنایا جائے تو کوئی مشکل مشکل نہیں رہے گی۔ وزیراعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کے دوران رینجر ز کے شہید جوانوں کے حوالے سے جھوٹی کہانیاں گھڑی گئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جو لازوال قربانیاں دے رہے ہیں یہ رائیگاں نہیں جائیں گی،جو انہیں ضائع کرنا چاہتے ہیں وہ بہت بڑی بھول میں ہیں۔