اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ معافیاں مانگنے والوں کو آج ریلیف ملا ہے، فریق ثانی کو سوچنا پڑے گا کہ کیا یہ لوگ رعایت کے مستحق ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت اور ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، ملک دوبارہ ٹریک پر آ رہا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں، اب 9 مئی کے دہشت گرد بتائیں گے ملک میں کیا کرنا ہے۔؟
صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ خدیجہ شاہ کیسے رہا ہوئی اور کیسے جیل اصلاحات کمیٹی میں شامل ہوئی۔؟ سیاسی ورکرز رہا ہونے کے بعد دوبارہ 9 مئی پر شادیانے بجا رہے ہیں، مجھے ان کی رہائی پر خود حیرت ہوئی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو کچھ 9 مئی کو ہوا ایسا سیاسی لوگ نہیں کر سکتے، اگر 9 مئی والوں کو پہلے سزائیں ہو جاتیں تو 26 نومبر نہ ہوتا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اڈیالہ میں بیٹھے موصوف اب اچانک مذاکرات کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی پہلے تو مذاکرات پر تنقید کرتے تھے، اب جیل نہیں کاٹی جا رہی تو مذاکرات کر رہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کس چیز پر کمیشن بنے۔؟ 9 مئی کے حوالے سے سارے ویڈیو شواہد موجود ہیں۔