اسلام ٹائمز۔ 9 مئی کے واقعات میں فوجی عدالتوں سے سزاء پانے والے تحریک انصاف کے کارکن معافی کے بعد جیل سے رہا ہوکر وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچے، جہاں صوبائی وزراء نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کو تحریک انصاف کے کارکنوں نے پُرتشدد احتجاج کیا، جس پر انہیں گرفتار کرکے فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے۔ فوجی عدالتوں سے سزاء یافتہ مجرمان کی معافی کے اعلان کے بعد آج 19 کارکنوں کو رہا کردیا گیا، جن میں چھ کا تعلق خیبر پختونخوا کے علاقے مردان اور دیر سے ہے۔ رہائی کے بعد کارکن وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچے جہاں صوبائی مینا خان اور ایم پی اے شفیع اللہ خان نے ان کا استقبال کیا، جس کے بعد رہا ہونے والے کارکن اپنے اپنے علاقوں کو روانہ ہوگئے۔