0
Thursday 2 Jan 2025 21:50

کرم امن معاہدہ، 400 اہلکاروں کی بھرتی، نئی چیک پوسٹیں اور ایف سی پلاٹون تعینات ہوگی

کرم امن معاہدہ، 400 اہلکاروں کی بھرتی، نئی چیک پوسٹیں اور ایف سی پلاٹون تعینات ہوگی
اسلام ٹائمز۔ کرم امن معاہدے کے پیش نظر 400 اہلکاروں کی بھرتی کی منظوری دے دی گئی، جب کہ نئی چیک پوسٹیں اور ایف سی پلاٹون بھی تعینات کی جائے گی۔ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کرم امن معاہدے سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور ایک صدی سے زائد طویل کرم تنازع کے پائیدار حل میں کامیاب ہوگئے ہیں، اس کے لیے گرینڈ جرگے کی تقریباً 50 سے زائد نشستیں منعقد ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ جرگہ ممبران نے پورے خلوص کے ساتھ کوششیں کیں جو رنگ لے آئیں۔ کمشنر اور ڈی آئی جی سمیت پوری انتظامیہ نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ سڑک کی بندش کا مقصد مزید خونریزی کا راستہ روکنا تھا۔ سڑک کی بندش کے باعث حکومت کو مسائل کا پوری طرح ادراک تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے ادویات اور دیگر سروسز کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کیا تھا، جس کے ذریعے تقریبا 15 ٹن ادویات پہنچائی گئیں۔اسی طرح  700 سے زائد افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی سروس فراہم کی گئی۔ صوبائی مشیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ خوراک نے رعایتی نرخوں پر آٹا فراہم کیا۔ محکمہ ریلیف نے نان فوڈ آئٹم علاقے میں پہنچائے۔ متاثرہ گاؤں کا سروے مکمل کیا ہے، جلد ہی معاوضے دینے کا عمل شروع ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ امن معاہدے کے بعد دھرنوں کا اب کوئی جواز نہیں رہا۔ دھرنوں کے 2 مطالبات تھے، امن اور سڑک کھولنا، دونوں مطالبات پورے ہوئے۔ مین شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لیے 400 پولیس اہلکاروں کو بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ نئی پولیس چیک پوسٹوں سمیت 2 ایف سی پلاٹون بھی تعینات کیے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1182007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش