0
Thursday 2 Jan 2025 21:18

سنبھل میں شاہی جامع مسجد کے قریب غیر قانونی طریقے سے پولیس چوکی بنائی جارہی ہے، سید طفیل حسن

سنبھل میں شاہی جامع مسجد کے قریب غیر قانونی طریقے سے پولیس چوکی بنائی جارہی ہے، سید طفیل حسن
اسلام ٹائمز۔ سماج وادی پارٹی کے سینیئر لیڈر اور سابق ممبر پارلیمنٹ سید طفیل حسن نے سنبھل میں واقع شاہی جامع مسجد کے نزدیک پولیس چوکی کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد وقف جائیداد ہے، ایسی صورت میں اس کے قریب پولیس چوکی کی تعمیر غیر قانونی ہے، جسے کسی قیمت پر قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے پولیس چوکی کی تعمیر کی تیز رفتاری پر بھی سوال اٹھایا۔ سید طفیل حسن نے کہا کہ پولیس چوکی جس رفتار سے تعمیر کی جا رہی ہے اس پر کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ انتظامی افسران کا رویہ غیر جانبدارانہ ہونا چاہیئے لیکن اس وقت جس طرح شاہی مسجد کے بغل میں پولیس چوکی کی تعمیر میں تیز رفتاری دکھائی جا رہی ہے، وہ ٹھیک نہیں ہے۔ سید طفیل حسن نے کہا کہ ہمیں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یہ وقف جائیداد ہے اور میں آپ کو بتا دوں کہ وقف املاک کو نہ تو بیچا جا سکتا ہے اور نہ ہی خریدا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف املاک پر کسی بھی قسم کی تجاوزات ناقابل قبول ہے، وہاں غیر قانونی طور پر پولیس چوکی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس معاملے میں سپریم کورٹ سے رجوع کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو کچھ لوگوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انتظامی افسران کو غیر قانونی طریقے سے کسی بھی قسم کی تعمیرات نہیں کرانے چاہیئے۔ سید طفیل حسن نے سوال اٹھایا کہ پولیس چوکی کی تعمیر میں 50 لوگ ایک ساتھ کام کر رہے ہیں، جس کے حوالے سے کئی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی انتظامی افسر کو پولیس کی وردی میں کام کرنا زیب نہیں دیتا۔ پولیس انتظامیہ کو اپنے رویے سے ایسا پیغام نہیں دینا چاہیئے کہ وہ کسی خاص برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لئے کام کر رہی ہے۔ سید طفیل حسن نے کہا کہ پولیس انتظامیہ ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی سبھی لوگوں کی ہے، ہمارے معاشرے میں کسی کو بھی یہ محسوس نہیں ہونا چاہیئے کہ ہمیں موجودہ انتظامیہ سے انصاف نہیں مل سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1181981
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش