اسلام ٹائمز۔ بھارت اور ملائیشیا سکیورٹی ڈائیلاگ کا پہلا اجلاس آج دہلی میں منعقد ہوا، جس کی مشترکہ صدارت ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور ملائیشیا کی قومی سلامتی کونسل کے ڈائریکٹر جنرل راجہ داتو نوشیروان بن زین العابدین نے کی۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے عالمی اور علاقائی سلامتی کے منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا اور سلامتی، دفاع اور سمندری شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا۔
مذاکرات کے دوران دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشتگردی کی کارروائی اور بنیاد پرستی کے خلاف اقدامات، سائبر سکیورٹی، دفاعی صنعت اور میری ٹائم سکیورٹی میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ نیز اہم معدنیات اور نایاب زمینی عناصر میں تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس بات چیت کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لئے ہر سال ملاقاتیں کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس اقدام سے بھارت اور ملائیشیا کے درمیان سکیورٹی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی امید ہے۔