اسلام ٹائمز۔ لوئرکرم بگن کے علاقے مندوری میں حکومتی پابندی کے باوجود تکفیریوں کا احتجاج جاری ہے، جس کے باعث ٹل پارا چنار شاہراہ تاحال بند ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پر حملے کے بعد بگن میں جاری احتجاج کو مظاہرین نے مندوری میں منتقل کردیا تھا، مندوری میں احتجاجی دھرنے کے باعث ٹل شاہراہ مکمل بند ہے لہٰذا دھرنے اور سڑک کی بندش کے باعث ٹل سے قافلے کی روانگی ممکن نہیں۔ علاوہ ازیں ضلع کرم میں مرکزی شاہراہ 3 ماہ سے بند ہونے اور سامان کی ترسیل نہ ہونے کے باعث علاقہ میں اشیائے ضروریہ کا ذخیرہ مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے۔
پاراچنار میں تمام دکانیں خالی اور بازار بند ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ضلع کرم کے لیے سامان سے لدے درجنوں ٹرک گزشتہ 4 دنوں سے ہنگو کی تحصیل ٹل میں ہی کھڑے ہیں۔ ٹرک ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ قافلے کو کلیئرنس نہ ملنے کے باعث مال بردار گاڑیوں میں موجود سبزیاں، پھل اور دیگر سامان خراب ہونے کا خدشہ ہے۔