اسلام ٹائمز۔ آج میڈیا ذرائع نے انقرہ میں ترکیہ کے صدر "رجب طیب اردگان" اور عراق کے زیرانتظام کُردستان کے وزیراعظم "مسرور بارزانی" کے درمیان ملاقات کی خبر دی۔ یہ ملاقات بند کمروں میں انجام پائی جسے میڈیا کے نمائندوں اور کیمروں کی دسترس سے دور رکھا گیا۔ اس ملاقات میں ترکیہ کے وزیر خارجہ "ھاکان فیدان" بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کے حوالے سے کردستان کی وزارت عظمیٰ کے دفتر نے بتایا کہ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، عراق اور شام کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترکیہ کے صدر و مسرور بارزانی نے کردستان اور عراق کی فیڈرل حکومت کے درمیان متنازعہ مسائل کو آئین کی بنیاد پر حل کرنے پر زور دیا۔
دونوں رہنماوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کردستان سے خطے کو تیل برآمد کرنے کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور ہونا چاہئے۔ شام کی تازہ ترین صورت حال کے تناظر میں ان سربراہان نے پورے ملک میں قیام امن اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔ واضح رہے کہ عراق کے زیرانتظام ریاست کردستان کی وزارت عظمیٰ کے دفتر نے ایک جاری بیان میں اعلان کیا کہ آج صبح بعض اہم امور پر بات چیت کے لئے مسرور بارزانی سرکاری دورے پر ترکی کے دارالحکومت انقرہ پہنچے ہیں۔