اسلام ٹائمز۔ قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان "ماجد الانصاری" نے کہا کہ فنی ٹیموں کی سطح پر غزہ میں جنگ بندی کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ھر چند بات چیت میں بہت سارے نشیب و فراز کے باوجود مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطری و مصری ثالثین امریکی حمایت سے کسی بھی طریقے سے غزہ پر مسلط جنگ رکوانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں فریقین کے مشترکہ نقاط کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ نہیں بتایا جا سکتا کہ جنگ بندی کا یہ معاہدہ کس وقت تک حاصل ہو گا۔ بہرحال مذاکرات کار اپنی گفتگو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دمشق کے حوالے سے دوحہ نے موقف اپنایا کہ ہماری انسانی و فنی ذمے داری ہے کہ ہم شامی عوام کی مدد کریں۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم شام میں استحکام اور وہاں کے عوام کی خواہشات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ ماجد الانصاری نے مزید کہا کہ قطر ہر اس اقدام کا خیر مقدم کرے گا جو شامی عوام کو انسانی امداد بھیجنے کے لئے سہولت فراہم کرتا ہو۔ شام سے پابندیاں ہٹانے کے لئے علاقائی سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ قطر بھی انہی علاقائی کوششوں کا حصہ ہے۔ دوسری جانب فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے سینئر رہنماء "اسامہ حمدان" نے غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے کہا کہ مذاکرات میں ہمارا واضح موقف یہ ہے کہ مستقل جنگ بندی، غزہ سے قابض فورسز کا انخلاء، قیدیوں کا تبادلہ اور غزہ کی بلا مشروط تعمیر نو ہو۔