0
Tuesday 7 Jan 2025 19:47

خالد خورشید سے اپوزیشن لیڈر کاظم میثم کی اہم ملاقات

خالد خورشید سے اپوزیشن لیڈر کاظم میثم کی اہم ملاقات
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین جی بی محمد کاظم میثم نے سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق وزیراعلیٰ کے خلاف حالیہ فیصلے پر خالد خورشید سے یکجہتی کا اظہار کیا اور قانون کی حکمرانی، عدالت کی سپرمیسی و غیر جانبداری کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان نے کہا کہ ایک متنازعہ خطے کے وزیراعلیٰ کو گرانے کے لیے نظام جس طرح نئی نسل اور عوام کی نظروں سے گرا ہے، اسے دوبارہ استادہ کرنے کے لیے کئی برس درکار ہوں گے۔ گلگت بلتستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ اس وقت خطے میں کیا ہو رہا ہے۔ 
 
کاظم میثم نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ بدترین انتقام میں ریاستی اداروں کی ساکھ جو خراب ہو رہی ہے، اسے بحال کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔ پاکستان میں عمران خان کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، گلگت بلتستان میں وہی کچھ سابق وزیراعلیٰ کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ اصولی بنیادوں پر کھڑے ہیں۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں آپ پر ظلم ہوا ہے اور آپ کی حکومت کو غصب کیا گیا۔ گلگت بلتستان میں حق حکومت آپ کے پاس تھا لیکن مینڈیٹ رکھنے کے باوجود غیر جمہوری انداز میں حکومت گرا کر گلگت بلتستان میں نئی روایت قائم کی گئی۔ ایسی غیر جمہوری روایت کو فروغ دینے والی جماعتوں کو جمہوریت کا راگ الاپنے کی مزید ضرورت نہیں ہے۔
 
اپوزیشن لیڈر و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم کاظم میثم نے کہا کہ ہم ہر مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور جن اصولوں پر عمران خان کھڑے ہیں، اس پر پوری قوم کھڑی ہے۔ اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید نے اپوزیشن لیڈر کی آمد اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے جدوجہد مزید تیز کی جائے گی۔ خالد خورشید نے کہا کہ خدا کے بعد طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اور جلد عوامی فیصلے ہی حاکم ہوں گے۔ جبر و فسطائیت اپنی حدوں کو چھو چکا ہے اور اب عدل و انصاف کا سورج طلوع ہونے کو ہے۔
خبر کا کوڈ : 1182962
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش