اسلام ٹائمز۔ کراچی میں نادرا کے میگا سینٹرز میں پاسپورٹ کاؤنٹرز قائم کردیے گئے ہیں، شہری اب شناختی کارڈ کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ بھی میگا سینٹرز سے حاصل کرسکیں گے۔ کراچی کے شہریوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ اب پاسپورٹ بنانے کے لیے صدر اور عوامی مرکز جانے کے پابند نہیں ہوں گے بلکہ نادرا کے میگا سینٹر سے ہی پاسپورٹ بھی حاصل کرسکیں گے۔ ڈی جی پاسپورٹ نے نادرا کے 2 میگا سینٹر میں پاسپورٹ دفاتر قائم کردیئے ہیں، پہلے مرحلے میں نارتھ ناظم آباد اور سائٹ ایریا کے نادرا میگا سینٹر میں پاسپورٹ کاؤنٹرز نے کام شروع کردیا۔ کراچی کے شہری ضلع وسطی میں نارتھ ناظم آباد نادرا آفس اور ضلع غربی میں سائٹ ایریا کے میگا نادرا سینٹر میں قائم کیے جانے والے پاسپورٹ آفس سے اپنا پاسپورٹ بنواسکیں گے۔
گزشتہ روز سے میگا سینٹر میں پاسپورٹ دفاتر نے کام شروع کردیا ہے اور اب شہری بلا جھجھک پاسپورٹ کے حوالے سے تمام کام ان سینٹرز میں بنے پاسپورٹ آفسز سے کرواسکیں گے۔ نادرا کے ان دفاتر پر پاسپورٹ کے حصول کے لیے قطاروں میں لگے افراد رش سے بچنے پرخوش دکھائی دیے اورمیگا سینٹرز میں پاسپورٹ دفاتر کے قیام کو سراہا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا کام ہوا ہے، پہلے صدر یا شارع فیصل جانا پڑتا تھا لیکن اب یہی پر کام ہوجائے گا تاہم انتظامیہ کو نادرا کے کاؤنٹرز بھی مزید بڑھانے چاہیئے۔ واضح رہے کہ نادرا کے میگا سینٹرز میں پاسپورٹ آفس ڈیسک بھی 24 گھنٹے فعال رہے گی۔