اسلام ٹائمز۔ کم از کم نقصان کے اعتراف کی پالیسی پر گامزن اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ آج ایک مرتبہ پھر کم از کم 3 بھاری میزائل کریات آتا کے علاقے میں آ گرے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ اس میزائل حملے میں کم از کم 1 آباد کار صرف ''زخمی'' ہوا ہے۔ ادھر قابض اسرائیلی فوج نے بھی اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یہ کارروائی مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے قریب کی گئی جبکہ مزید 5 حملوں میں متعدد غیرقانونی صہیونی بستیوں کے خلاف دسیوں تباہ کن میزائل فائر ہوئے جن میں سے متعدد کو روکا جا سکا تاہم متعدد دیگر اپنے اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔
ادھر اپنے ایک بیان میں لبنانی اسلامی مزاحمت کا بھی کہنا تھا کہ اس کے مجاہدین نے بیروت کے جنوبی مضافات پر ہونے والے انسانیت سوز صیہونی حملوں کے جواب میں متعدد غیرقانونی صہیونی بستیوں کو بھاری میزائلوں کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ لبنان نے تاکید کی کہ غاصب صیہونی رژیم کے اہم ٹھکانوں کے خلاف جاری مزاحمتی کارروائیاں بتدریج تیز تر ہوتی جائیں گی!