اسلام ٹائمز۔ غاصب و دہشتگرد صیہونی فوج نے آج صبح بھی غزہ کی پٹی کے مرکز پر اپنے وحشیانہ حملے جاری رکھے۔
غزہ کی پٹی سے الجزیرہ کے رپورٹر نے بتایا ہے کہ اس مرتبہ غاصب صیہونی رژیم کے جنگی ہیلی کاپٹروں نے غزہ کی پٹی کے مرکزی شہر دیر البلح کے متعدد علاقوں کو وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنایا جس سے 1 خاتون اور 1 بچے سمیت 3 فلسطینی شہری شہید ہوئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی کے مرکز میں واقع الزوائدہ نامى شہر میں بے گھر فلسطینی پناہ گزینوں کے خیموں پر ہونے والے قابض صیہونی رژیم کے ہوائی حملوں میں بھی 1 فلسطینی شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر شمالی غزہ میں کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ نے بھی اس علاقے میں قحط کی صورتحال اور ان لوگوں کے بارے بتایا ہے جو بمباری کی وجہ سے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے تاحال زندہ دبے ہیں اور انہیں بچانے کی اب کوئی امید باقی نہیں رہی۔ اس بارے انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ہسپتال حتی مریضوں کے لئے بھی کھانا فراہم کرنے سے قاصر ہو چکا ہے اور دن رات خدمات انجام دینے والے اپنے میڈیکل عملے تک کو ایک وقت کا کھانا فراہم نہیں کر سکتا!