اسلام ٹائمز۔ گلتری سے سکردو آتے ہوئے دیوسائی میں پھنسے افراد کو پاک فوج اور پولیس کی ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت گلتری کے ہیڈکوارٹر فرنشاٹ پہنچا دیا۔ تمام مسافر گزشتہ 29 گھنٹوں سے دیوسائی میں پھنسے ہوئے تھے اور ان سے رابطہ بھی منقطع تھا۔ تمام مسافروں نے تھانہ گلتری میں پولیس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج اور گلگت بلتستان پولیس کا مشکل گھڑی میں ریسکیو آپریشن کے ذریعے بحفاظت پہنچاتے پر شکریہ ادا کیا۔
اس سے پہلے دیوسائی میں لاپتہ ہونے والے گلتری کے مسافروں کی تلاش کیلئے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن موسم کی خرابی کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ دیوسائی میں لاپتہ ہونے والے 14 افراد کی تلاش کیلئے آج سہ پہر کے وقت پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹر روانہ ہو گئے تھے لیکن موسم خراب ہونے کی وجہ سے یہ آپریشن روک دیا گیا اور پاک فوج کے دونوں ہیلی کاپٹر واپس روانہ ہو گئے۔
اس سے پہلے پاک فوج کی خصوصی ٹیم دیوسائی میں پھنسے گلتری کے مسافروں کو ریسکیو کرنے کیلئے دیوسائی روانہ ہوگئی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سرحدی علاقے گلتری سے سکردو آنے والے مسافروں کی دو گاڑیاں لاپتہ ہو گئی تھیں۔ ان گاڑیوں میں 14 مسافر سوار تھے۔ 29 گھنٹے بعد بھی ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا تھا۔ رات گئے پولیس اور پاک فوج کی مشترکہ ٹیموں نے ان مسافروں کو ریسکیو کر کے گلتری پہنچا دیا۔