اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تبلیغی مرکز رائیونڈ کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تبلیغی جماعت کے اکابرین محمد فاروق، ڈاکٹر ندیم اشرف، انوار غنی، امتیاز غنی، عباد اللہ اور دیگر سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیرون ملک سے آئے شرکاء سے بھی ملاقات کی اور تبلیغ کیلئے اُن کی خدمات کو سراہا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تبلیغی اجتماع کیلئے شاندار انتظامات پر محمد فاروق اور دیگر اکابرین کو مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تبلیغی اجتماع کے لاکھوں شرکاء کیلئے مثالی انتظامات پر آپ سب کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ تبلیغ کا نیک کام کرنیوالے دنیا و آخرت میں کامیاب رہیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہر سال باقاعدگی سے تبلیغی اجتماع میں آتا ہوں، یہاں آکر روحانی سکون ملتا ہے، اللہ تعالٰی تبلیغی اجتماع کے منتظمین کو نیک کام جاری رکھنے کا اجر دیں گے۔ فاروق بھائی نے امت مسلمہ کے اتحاد، شر و باطل کے خاتمے اور حق و سچ کی سر بلندی کیلئے دعا کرائی۔ جبکہ پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر محمد فاروق اور دیگر اکابرین نے تبلیغی اجتماع آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔