اسلام ٹائمز۔ حکومت اور آئی ایم ایف ریویو مشن کے درمیان باہمی افہام کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت، ریونیو ہدف حاصل کرنے کیلئے حکومت کا آئی ایم ایف کو زرعی انکم ٹیکس کی شرح 45 فیصد تک بڑھانے کی یقین دہانی جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعہ کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔ آئی ایم ایف ریویو مشن کو فنانشل گیپ پورا کرنے کی سفارشات کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر بڑھنے، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں انفلوز مزید بڑھنے کی توقعات کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 28 پیسے کی کمی سے 277 روپے 46 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔ بعد ازاں سپلائی میں بہتری آتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ بڑھنے سے بعد دوپہر ڈالر کی پیش قدمی شروع ہوئی، تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 08 پیسے کی کمی سے 277 روپے 66 پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 09 پیسے کی کمی سے 278 روپے 65 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔