0
Tuesday 7 Jan 2025 18:58

دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان، 5 فروری کو ووٹنگ

دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان، 5 فروری کو ووٹنگ
اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن نے دہلی اسمبلی انتخابات 2025ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دہلی میں 70 اسمبلی حلقوں میں ایک ہی مرحلے میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ ووٹنگ 5 فروری 2025ء بروز بدھ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 فروری 2025ء کو ہوگی۔ پریس کانفرنس میں جاری تفصیلات کے مطابق انتخابات کا گزٹ نوٹیفکیشن 10 جنوری کو جاری ہوگا۔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 جنوری مقرر کی گئی ہے، جبکہ نامزدگیوں کی جانچ پڑتال 18 جنوری کو کی جائے گی۔ امیدواروں کو 20 جنوری تک نام واپس لینے کی اجازت ہوگی۔ ووٹنگ 5 فروری کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو ہوگی۔ انتخابی عمل 10 فروری تک مکمل کر لیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران شفافیت اور منصفانہ عمل کو یقینی بنانے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

انتخابی ضابطہ اخلاق فوری طور پر نافذ ہو چکا ہے، جس کے تحت سرکاری اسکیموں کے اعلانات اور دیگر ترقیاتی کاموں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان باتوں میں کوئی دم نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدالتوں نے بھی مانا ہے کہ ای وی ایم کو ہیک نہیں کیا جا سکتا تاہم انتخابات کے دوران بار بار مشینوں پر شبہات ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔ راجیو کمار نے بتایا کہ انتخابات سے سات سے آٹھ دن پہلے ای وی ایم تیار کی جاتی ہیں، جنہیں سیاسی جماعتوں کے ایجنٹوں کی موجودگی میں سیل کیا جاتا ہے۔ راجیو کمار نے کہا کہ شفافیت ہمیشہ الیکشن کمیشن کی اولین ترجیح رہی ہے اور عوامی خدشات کا جواب دینا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1182953
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش