اسلام ٹائمز۔ برطانوی دارالامراء کے رکن لارڈ قربان حسین نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کو فوری حل کئے بغیر عالمی امن کا قیام ناممکن ہے۔ ذرائع کے مطابق لارڈ قربان حسین نے اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ INSPAD کے صدر ڈاکٹر محمد طاہر تبسم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں قتل عام اور بربریت کی انسانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ عالمی ادارے فوری جنگ بندی کے لیے موثر اقدامات کریں۔ لارڈ قربان حسین نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسند حکومت نہ صرف کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے بلکہ مسلمانوں، سکھوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف بھی کالے قوانین کا استعمال کر کے ظلم و ستم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری تنازعہ کشمیر کو اجاگر کر رہے ہیں۔ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ لارڈ قربان نے انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کی قابل تعریف سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر تبسم کی کوششوں کو سراہا۔ ڈاکٹر طاہر تبسم نے ہائوس آف لارڈز میں لارڈ قربان کی طویل جدوجہد اور شاندار خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی رہنمائی اور سرپرستی کرتے رہیں گے۔