0
Tuesday 31 Dec 2024 07:53

مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بیرون ملک مقیم کشمیریوں کا کردار انتہائی اہم ہے، بیرسٹر سلطان چوہدری

مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بیرون ملک مقیم کشمیریوں کا کردار انتہائی اہم ہے، بیرسٹر سلطان چوہدری
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جانی چاہیں اور اس سلسلے میں بیرون ملک بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین سے ایک ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو برطانوی پارلیمنٹ سمیت دیگر فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے کے لئے اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کی اپنی ہی زمین پر بے گھر کر دیا گیا ہے اور بھارت نے مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیری ہندوئوں کی آبادکاری شروع کر رکھی ہے جس سے وہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید، بچوں اور بوڑھوں کو پیلٹ گن کے استعمال سے بصارت سے محروم اور خواتین کی عصمت دری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 7 دہائیوں سے نہتے کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم ڈھا رہا ہے۔ دنیا بھر بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کی ان ریشہ دوانیوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔ ملاقات میں برطانوی ہائوس آف لارڈ زکے رکن لارڈ قربان حسین نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح بالخصوص برطانوی پارلیمنٹ میں اجاگر کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ لارڈ قربان حسین نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کوششوں کو سراہا اور انہیں برطانیہ کے دورے اور برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کی دعوت بھی دی۔
خبر کا کوڈ : 1181523
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش