0
Sunday 29 Dec 2024 15:13

خیبرپختونخوا میں 152 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، عطا تارڑ

خیبرپختونخوا میں 152 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، عطا تارڑ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونوا میں 10 ماہ میں انتہا کی کرپشن میں دیکھنے میں آئی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 152 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جس میں 13.2 کروڑ روپے کی فراڈ ادائیگیاں شامل ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈی جی پی آر اور محکمہ اطلاعات میں فرضی کمپنیاں بناکر پیسہ سوشل میڈیا رضاکاروں کو دیا جاتا ہے، یہ کمپنیاں وجود نہیں رکھتیں صرف کاغذوں میں موجود ہیں ان کا دفتر بھی کوئی نہیں، مگر اشتہارات کی مد میں انہیں روپے دیئے جا رہے ہیں جو آگے جاکر سوشل میڈیا ٹرولنگ اور ریاست مخالف عناصر کی مہم کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 84 ارب روپے کے متفرق اخراجات کیے گئے یعنی پیسے صحت کیلئے مختص کیے گئے مگر ان کا استعمال دھرنے کے دوران وفاق پر چڑھائی کیلئے پٹرول کی مد میں کیا گیا، کئی ایسی مدعات میں رقوم خرچ کی گئیں جو وجود ہی نہیں رکھتیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ پنجاب کڈنی لیور انسٹیٹیوٹ بن گیا مگر پشاور کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال آج بھی مخدوش حالت میں ہے؟ کیونکہ اگر لیڈی ریڈنگ کی اپ گریڈنگ کیلئے40 کروڑ روپے آتا ہے تو وہ اسی سوشل سیکٹر میں کسی دورے محکمے کو منتقل کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے کرپشن کے فروغ کےسوا کچھ نہیں کیا، میٹروبس کو جنگلہ بس کہنے والوں نے پشاور میں بی آر ٹی بنائی، خیبرپختونخوا میں مالیاتی بدعنوانیوں میں اضافہ ہوا،خیبرپختونخوا میں 51 کروڑ روپےکی مشکوک ادائیگی کی جارہی ہے، خیبر پختونخوا حکومت کے قرض کا بوجھ 725 ارب روپے ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بھی اعتراف کیا معیشت ٹھیک ہو رہی ہے، ہمیں نصیحتیں کرنیوالوں کی اپنی کارکردگی صفر ہے، عوام کیلئے کام کریں سیاسی شعبدہ بازی چھوڑ دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کامقصد کسی کو این آر او دینا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت جامعات کو اپنے ماتحت کرنا چاہتی ہے، خیبرپختونخوا کی جامعات میں اساتذہ کو تنخواہیں نہیں دی جا رہیں۔ خیبرپختونخوامیں پولیس ریفارمز ہوتے تو امن وامان کی صورتحال ابتر کیوں ہوئی، آپ طالبان کو واپس لے کر آئے کیونکہ آپ کی دوستی تھی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ 1122 پرویزالہیٰ کا اچھا منصوبہ تھا، شہباز شریف نے اس کا دائرہ بڑھایا، باتیں اور لشکر کشی کرنے سےعوام کا پیٹ نہیں بھرتا، کُرم میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر دل دکھ رہا ہے، جب کرم کو آپ کی سب سے زیادہ ضرورت تھی، آپ اسلام آباد میں تھے، آپ پہلے اپنا گھر ٹھیک کر لیتے پھر ہم پر حملہ کرلیتے، آپ کُرم کے لوگوں پر توجہ تو دیتے۔ عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ بلاول ہمارے اتحادی ہمارے بھائی ہیں، تھوڑے بہت گلوے شکوے چلتے ہیں، ہم سیاسی لوگ ہیں، چاہتے ہیں معیشت ترقی کرے، معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوں، ریاستوں کے درمیان تعلقات ڈپلومیٹک طریقوں کے مطابق ہوتے ہیں۔انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کو مشورہ دیا کہ عوام کے لیے کام کریں، سیاسی شعبدہ بازی چھوڑ دیں، خیبرپختونخوا کی امن وامان سمیت دیگر شعبوں میں مدد کے لیے تیار ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1181188
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش