اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی رہنماء اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہماری مذاکراتی کمیٹی با اختیار ہے لیکن فیصلے عمران خان نے کرنے ہیں۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا ہے کہ مذاکرات میں پہلا مطالبہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہے، ملاقات کے لیے مناسب ماحول دیا جائے جس میں مشاورت ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی بلکل با اختیار ہے لیکن فیصلے بانی پی ٹی آئی نے کرنے ہیں اس لیے ان کے بغیر کوئی بھی بات چیت بے معنی رہے گی۔ اسد قیصر نے کہا کہ سینیٹ الیکشن خیبر پختونخوا کا بنیادی حق ہے، مخصوص نشستیں اور سینیٹ الیکشن ہمارا مطالبہ ہے۔ پی ٹی آئی رہنماء نے مزید کہا کہ ملٹری کورٹس فیصلے کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے۔