اسلام ٹائمز۔ یمنی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سینیئر رکن محمد علی الحوثی نے امریکہ، غاصب صیہونی رژیم اور انکی اتحادی سعودی شاہی رژیم کو سختی کے ساتھ خبردار کیا ہے کہ وہ یمن پر حملے کا سوچیں بھی نہ! محمد علی الحوثی نے غاصب صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام کو غاصب صہیونیوں سے کوئی خوف نہیں اور وہ جانتے ہیں کہ ان کی تمام دھمکیاں کھوکھلی ہیں! انہوں نے امریکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے تاکید کی کہ وہ امریکہ جو یمن کے پانیوں میں اپنا چوتھا طیارہ بردار بحری جہاز لانے پر مجبور ہوا ہے، یمنی پانیوں سے از قبل نکل جانے والے 3 طیارہ بردار بحری جہازوں سے سبق سیکھے۔ اعلی یمنی رہنما نے خبردار کیا کہ اگر امریکی بحری جہاز یمن کے علاقائی پانیوں سے نہ نکلے تو یہ یمنی مسلح افواج کے لئے ایک "آسان شکار" ہوں گے! اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام ایک درست سمندری مساوات قائم اور فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، یمنی سپریم پولیٹیکل کونسل کے رکن نے کہا کہ سمندر میں کوئی ایسی جگہ نہیں کہ جہاں یمنی مسلح افواج مطلوبہ اہداف کو بآسانی نشانہ نہ بنا سکیں۔
محمد علی الحوثی نے خطے میں امریکی و اسرائیلی اتحادی سعودی حکام کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمہیں چاہیئے کہ تم امریکیوں کو ہوش کے ناخن دو کہ وہ یمن پر حملہ نہ کریں ورنہ مشرق وسطی میں موجود تمام امریکی مفادات کو نشانہ بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں ہم کسی "ریڈ لائن" کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وقت آیا تو تمام امریکی مفادات پر بمباری کی جائے گی اور کوئی ہمیں ایسا کرنے سے روک نہیں پائے گا لہذا یا تو غزہ و یمن کے خلاف جنگ بند ہو جائے گی یا وہ جان جائیں گے کہ یمن کسی سرخ لکیر کو نہیں پہچانتا اور جس ہدف کو چاہے نشانہ بناتا ہے۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے خبردار کرتے ہوئے مزید کہا کہ میزائل، ڈرون و بحری یونٹس سمیت ملکی سرزمین کا دفاع کرنے والے تمام بھائیوں کو بتا دیا گیا ہے کہ امریکیوں و اسرائیلیوں کے مقابلے میں کوئی ریڈ لائن موجود نہیں اور جان لیں کہ یہ مسئلہ نفسیاتی جنگ نہیں کیونکہ ہمارا ایک اصول ہے کہ ہم "پہلے عمل کرتے ہیں اور پھر اس کے بارے بات!"