0
Wednesday 25 Dec 2024 12:34

لاہور، پارا چنار کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنا جاری، اہلسنت رہنماوں کی شرکت

لاہور، پارا چنار کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنا جاری، اہلسنت رہنماوں کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ لاہور پریس کلب کے باہر مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام مظلومین پارا چنار کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ اس دھرنا میں اہلسنت قائدین نے بھی شرکت کی اور پارا چنار کے مظلومین سے اظہار یکجہتی کیا۔ ممتاز اہلسنت رہنما اور کل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم اور صوبائی صدر انٹرفیتھ کونسل علامہ قاری خالد محمود نے دھرنے میں شرکت کی اور پاراچنار کے مظلومین کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ مولانا عاصم مخدوم نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، مگر افسوس کہ پارا چنار میں شہری غیر محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ صوبائی حکومت کی مکمل ناکامی ہے کہ وہ نہ تو راستے کھلوا سکی ہے اور نہ مٹھی بھر تکفیریوں کیخلاف ایکشن لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت قبائل کی لڑائی کو مذہبی رنگ دے کر اس آگ کو مزید  بھڑکایا جا رہا ہے۔ مولانا عاصم مخدوم کا مزید کہنا تھا کہ ہم کے پی کے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کرم کے بند راستے فوری کھلوائے جائیں، وہاں ادویات اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور قیام امن کیلئے گرینڈ جرگہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس معاملے  میں غیر ملکی قوتیں ملوث ہیں، جو اس آگ کو ٹھنڈا بھی نہیں ہونے دیتیں۔

اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ حسن رضا ہمدانی، سیٹھ عدنان علی، امیر عباس مرزا، سید زوہیب حسن، سید صائم نقوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ حسن رضا ہمدانی کا ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو میں کہنا تھا کہ جب تک پاراچنار میں مظلومین کا دھرنا جاری ہے، ہم تب تک ان کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یہاں بیٹھے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فی الفور پارا چنار کے مطلومین کے مطالبات پورے کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں دھرنے شروع ہو جائیں گے اور پورا ملک جام ہو سکتا ہے، اس لئے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مطالبات پورے کریں۔
خبر کا کوڈ : 1180357
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش