اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مظلوم مسلمانوں میں امید کی کرن روشن کی اور انہیں ایک قوم کی صورت میں متحد کر کے ان کے لئے ایک علیحدہ و آزاد وطن حاصل کیا۔ قائداعظم کی قیادت میں پاکستان حاصل کیا گیا اور کشمیری عوام بھی آج تک الحاق پاکستان کی جدوجہد اپنی خطوط پر کر رہے ہیں ایسے عظیم رہنما صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔ قائداعظم نے مسلمانوں کے لئے الگ وطن حاصل کر کے برصغیر کے مسلمانوں کی خدمت کی، آج ہندوستان میں نریندر مودی جس طرح مسلمانوں پر قہر بن کر نازل ہوا ہے اس سے قائداعظم کی فہم و فراست کا اعتراف کرنے پر ہر شخص مجبور ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حاصل نہ ہوتا تو مسلمان آج ہندؤوں کے غلام ہوتے، اور اس غلامی سے نجات کا کریڈٹ قائداعظم محمد علی جناح کو جاتا ہے۔ یہ قائداعظم کی انتھک کاوشوں کا ہی ثمر ہے کہ ہم ایک آزاد مملکت میں سانس لے رہے ہیں۔ آج کے دن عظیم رہنما کی پیدائش ہوئی جس نے براعظم کا جغرافیہ بدلا اور ہمیں پاکستان عطا کیا۔ ہمیں متحد ہو کر قائداعظم کی تعلیمات پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ قوم کو ترقی کیلئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان قائداعظم کے تصور کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہے، قائداعظم کا فرمان سچ ثابت ہوا کہ انتہا پسند ہندو مسلمان اقلیت کو عزت و احترام سے نہیں رہنے دیں گے، 25 دسمبر کو اس عظیم رہنما کا جنم ہوا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ وطن دیا اور دنیا اسے قائداعظم محمد علی جناح کے نام سے جانتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قائداعظم کے رہنما اصول اپنا کر ہم اپنے مقاصد حاصل کر سکتے ہیں، قائداعظم آخری سانس تک مثالی جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے پُرعزم رہے۔ ایمان، اتحاد اور تنظیم کو اپنا کر نئے پاکستان کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا آج کے دن ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کے شکار عوام کو نہیں بھولنا چاہیے، آج دنیا کے سامنے بھارتی آئین کے نام نہاد سیکولر چہرے کا نقاب اتر چکا ہے۔